کمٹہ:10/ستمبر (ایس اؤنیوز)تعلقہ کے دونڈکولی مقام پر اصول وضوابط کی پرواہ نہ کرتے ہوئے دن رات ریت سپلائی کو لے کر دیہی عوام نے کافی اعتراض اور برہمی کااظہار کررہے ہیں۔
ندی کنارے ریت نکالنے کے لئے اصول بنائے گئے ہیں جس کے تحت ندی کنارے سے 50میٹر دور ریت نکالنا ہے ، لیکن یہاں اصولوں کو روندتے ہوئے ندی کے بالکل کنارے سے ریت نکالی جارہی ہے، پیسہ کمانے کی دھن میں ندی کنارے سے نکالی جارہی ریت سے ندی کنارے کو کافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے۔مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ صبح 4بجے سے ریت نکالنا شروع ہوئی تو دیر رات سپلائی جاری رہتی ہے۔
مقامی تحصیلدار نے اپنی ٹیم کے ساتھ ریت سائٹ کا دورہ کرتے ہوئے ریت کے ٹھیکدراوں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ اصولوں کی سختی کے ساتھ پابندی کریں ، کنارے سے ریت نہ نکالیں، لیکن ریت نکالنے والوں نے سنی ان سنی کردی ، افسران کی باتوں کا انہیں کوئی اثر نہیں ہورہاہے ، دیہی عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ریت مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ریت سپلائی کرنے والوں سے غریب لوگوں کو ریت خرید ناممکن نہیں ہے کیونکہ ریت کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے۔ اسی طرح یہ الزامات بھی لگائے جارہے ہیں کہ تعلقہ کے 37ریت سائٹس میں سے 35سائٹس پر جو غیر قانونی ریت سپلائی ہورہی ہے اس میں افسران بھی ملوث ہیں ۔یہاں صرف ریت نہیں نکالی جارہی ہے بلکہ ریت خریدنے والوں سے دوگنی رقم لی جاری ہے۔ ایک 407سواری ریت کے لئے 5000روپئے ، ایک آٹو رکشا کے لئے2000روپئے وصول کئے جارہے ہیں اور جس لاری میں 7ٹن ریت لوڈ کرنی ہے اس میں 14ٹن ریت بھرنے کا الزام لگایا جارہاہے۔